یومِ تاسیسِ سعودی عرب: اتحاد، عقیدہ اور عزم کی تابندہ روایت: قمر الدين رياضى

22 فروری, 2026

مورخه 22 فروری کا دن مملکتِ سعودی عرب کی تاریخ میں نہایت اہم اور یادگار حیثیت رکھتا ہے۔ یہ وہ مبارک تاریخ ہے جب پہلی سعودی ریاست کی بنیاد رکھی گئی اور اس سرزمین پر ایک ایسے نظام کا آغاز ہوا جس کی اساس کتاب و سنت اور اسلامی اقدار پر قائم تھی۔ مملکتِ سعودی عرب عالمِ اسلام میں ایک منفرد مقام کی حامل ہے، کیونکہ اس کا دستور قرآنِ کریم اور سنتِ نبوی ﷺ ہے، اور اس کے حکمران مملکت کے تمام شعبہ جات میں اسلامی قوانین کے نفاذ کو اپنا دینی و قومی فریضہ سمجھتے ہیں۔
پہلی سعودی ریاست کا قیام 22 فروری 1727ء کو امام محمد بن سعود رحمہ اللہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ آپ نے ایک ایسے عہد کی بنیاد رکھی جو دینی استحکام، عدل و انصاف اور اصلاحِ معاشرہ کی جدوجہد سے عبارت تھا۔ بعد ازاں دوسری سعودی ریاست ترکی بن عبد اللہ رحمہ اللہ کی قیادت میں قائم ہوئی، اور پھر جدید سعودی ریاست کی تشکیل شاہ عبدالعزیز آل سعود رحمہ اللہ کے ہاتھوں مکمل ہوئی، جنہوں نے منتشر قبائل کو متحد کر کے ایک مضبوط اور مستحکم ریاست کی بنیاد رکھی۔ یوں سعودی ریاست کا قیام تین تاریخی مراحل سے گزر کر تکمیل کو پہنچا۔
مملکتِ سعودی عرب کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ حرمین شریفین کی تولیت و خدمت اس کے سپرد ہے۔ یہاں کے فرمانروا “خادمِ حرمین شریفین” کا معزز لقب اختیار کرتے ہیں اور حجاج و معتمرین کی خدمت کو اپنے لیے باعثِ سعادت سمجھتے ہیں۔ زائرینِ بیت اللہ اور مسجدِ نبوی کی سہولت، امن و امان اور بہترین انتظامات کے لیے حکومت ہر سال خطیر وسائل صرف کرتی ہے، اور اسی مقصد کے لیے ایک مستقل اور منظم ادارہ قائم ہے جو حرمین شریفین کے تمام امور بحسن و خوبی انجام دیتا ہے۔
حالیہ دور میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود حفظہ اللہ نے 27 جنوری 2022ء کو یہ فرمان جاری فرمایا کہ ہر سال 22 فروری کو “یومِ تاسیس” کے طور پر منایا جائے، تاکہ اسلاف کی جدوجہد، قربانیوں اور تاریخی کارناموں کو یاد کیا جائے اور نئی نسل کو اپنی درخشاں تاریخ سے روشناس کرایا جائے۔ اسی اعلان کے بعد سے یہ دن پورے ملک میں قومی جوش و خروش اور وقار کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
یومِ تاسیس محض ایک تاریخی یادگار نہیں بلکہ یہ عزمِ نو، قومی وحدت اور اسلامی تشخص کی تجدید کا دن بھی ہے۔ یہ دن اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ مضبوط قیادت، دینی وابستگی اور اجتماعی اتحاد کسی بھی قوم کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔
ہم صمیمِ قلب سے مملکتِ سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو اس بابرکت موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہیں، اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس مملکت کو تا قیامت امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے، حرمین شریفین کو ہر قسم کے شرور و فتن سے محفوظ رکھے، اور اس کی قیادت کو عدل و حکمت کے ساتھ خدمتِ اسلام کی مزید توفیق بخشے۔ آمین۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter