حفاظِ کرام اس روئے زمین کی سب سے بہترین اور معزز جماعت ہیں: مولانا سعود اختر سلفی

20 فروری, 2026

بھینسہیا، روپندیہی (نیپال): لمبنی سانسکرتک نگر پالیکا وارڈ نمبر 7، بھینسہیا میں قائم مرکز تحفیظ القرآن الکریم اور کلیہ سارہ للبنات کے زیرِ اہتمام طلبہ و طالبات کی سالانہ انجمن اور عظیم الشان اجلاسِ عام کا انعقاد نہایت ہی شان و شوکت کے ساتھ عمل میں آیا۔ اسی بابرکت موقع پر مرکز سے حفظِ قرآن مجید کی تکمیل کرنے والے نو خوش نصیب طلبۂ کرام کی دستار بندی اور سندِ فراغت کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔

 

پروگرام کی صدارت مرکز کے صدر محترم مولانا شہاب الدین سلفی نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض کلیہ امام ابن القیم الدار السلفیہ کولہوئی بازار، مہراج گنج (یوپی) کے استاذ مولانا حامد عبدالمنان سلفی نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ تقریب کا آغاز مرکز کے طالب علم حافظ نثار احمد بن اویس محمد کی پُرسوز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ بعد ازاں انیس الرحمن بن صفی الرحمن نے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی، جبکہ کلیہ سارہ کی طالبہ ساجدہ خاتون نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے سامعین کے دلوں کو گرما دیا۔

 

استقبالیہ کلمات کلیہ کے استاذ مولانا حقیق اللہ مدنی نے پیش کیے، جبکہ مرکز کے مشرف مولانا فضیل احمد مدنی نے خطبۂ استقبالیہ اور کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوئے ادارے کا تعارف، مستقبل کے عزائم اور منصوبے بھی حاضرین کے سامنے رکھے۔

 

علمائے کرام کے خطابات کا سلسلہ شروع ہوا تو سب سے پہلے مولانا خالد رشید سراجی نے “عظمتِ قرآن” کے موضوع پر پُرمغز خطاب کیا۔ اس کے بعد مولانا مجیب الدین مدنی نے قرآنِ کریم کے حوالے سے مدلل اور مؤثر خطاب فرمایا۔

 

تقریب کے خصوصی خطیب، ہند و نیپال کے معروف خطیب و صحافی اور جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈانگر کے استاذ و ترجمان مجلہ السراج کے مدیر مولانا سعود اختر عبدالمنان سلفی نے اپنے تفصیلی خطاب میں حفاظِ کرام اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے فرمایا:

“حفاظِ کرام اس روئے زمین کی سب سے بہترین اور معزز جماعت ہیں، جن کے سینوں میں کلامِ الٰہی محفوظ ہے۔ قیامت کے دن ان کے ساتھ اور ان کے والدین کے ساتھ خصوصی برتاؤ کیا جائے گا۔”

آپ نے کتاب و سنت کی روشنی میں حفظِ قرآن کی اہمیت و فضیلت کو نہایت دلنشیں انداز میں بیان کیا۔

 

بعد ازاں نو فارغین حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اور انہیں قیمتی ہدایات، اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ تمام فارغ ہونے والے طلبہ کو بطورِ خاص سائیکل بھی پیش کی گئی۔ اسی طرح شعبۂ حفظ کے اساتذہ حافظ محمد زاہد فیضی اور حافظ ہلال احمد یوسفی سمیت کلیہ سارہ کے تمام معلمین و معلمات کو بھی گراں قدر انعامات سے سرفراز کیا گیا۔ صدرِ اجلاس اور خصوصی خطیب مولانا سعود اختر سلفی نے معزز مہمانانِ کرام کو رومال اڑھا کر تکریم پیش کی۔

 

تقریب کے اختتام پر مولانا ابرار احمد مدنی نے اپنے تاثرات پیش کیے۔ صدرِ محترم نے اپنے صدارتی خطاب میں فارغین کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں قیمتی نصائح سے نوازا۔ دعا اور شکریہ کے کلمات کے ساتھ بیرونی اسٹیج کا پروگرام اختتام پذیر ہوا، جبکہ طالبات کا تعلیمی و ثقافتی پروگرام اندرونِ کلیہ دیر رات تک جاری رہا، جسے خواتین نے بے حد سراہا۔

 

پروگرام میں علاقے کے جید علمائے کرام، معزز شخصیات اور کثیر تعداد میں سامعین و سامعات نے شرکت کی۔ تقریب کے کامیاب انعقاد میں منتظمین اور معاونین نے بھرپور کردار ادا کیا، جس پر ادارے کی جانب سے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

 

یہ عظیم الشان تقریب علاقے میں دینی و تعلیمی بیداری کی ایک روشن مثال ثابت ہوئی۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter