ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کے زیر اہتمام تعلیمی مظاہرہ اختتام پذیر

تمام طلبہ و طالبات کو داد و تحس، پرخلوص دعاؤں اور گراں قدر انعامات سے نوازا گیا۔

24 دسمبر, 2025

سدھارتھ نگر/ پریس ریلیز

بتاريخ 24 دسمبر 2025ء بروز بدھ ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کے زیر اہتمام ضلع کے مکاتب اسلامیہ کے طلبہ و طالبات کے مابین ضلعی سطح پر فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ بمقام صدر دفتر ضلعی جمعیت نوگڑھ (سدھارتھ نگر) یوپی بدر کی جامع مسجد میں بحسن و خوبی اور انتہائی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں ضلع کے درجنوں مدارس کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جھنوں نے حلقہ واری جمعیات کے مقامی مراکز میں اپنے اپنے مضامین میں اول پوزیشن حاصل کی تھی، ان طلبہ کے ساتھ ان کے اساتذہ اور سرپرست بھی حاضر ہوئے، حکم کے فرائض سرانجام دینے کے لیے بیرون ضلع اور پڑوسی ملک نیپال کے مستند و معتبر علمائے کرام : مولانا محمد نسیم مدنی، مولانا محمد شریف مدنی، مولانا پرویز عالم ریاضی، مولانا عبدالخالق سلفی مرکزی، مولانا فضیل احمد مدنی، مولانا شرافت حسین سلفی، مولانا مشتاق احمد سلفی، حافظ بلال احمد مدنی، مولانا عتیق الرحمن سراجی، حافظ طارق ریاض سراجی، مولانا ضیاء الدین ریاضی صاحبان مدعو کیے گئے تھے، جنھوں نے پوری امانت و دیانت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے، سب سے پہلے قرآن کریم کی قراءت کا مسابقہ ہوا، پھر نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا، اس کے بعد اردو اور ہندی زبانوں میں تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا، تمام مشارکین طلبہ و طالبات نے جرأت و بے باکی اور عمدگی کے ساتھ اپنے اپنے موضوع کی وضاحت کی، اذکار و ادعیہ کا امتحان تقریری ہوا، دینیات کے لیے الگ الگ پرچے بنائے گئے تھے۔
اس فائنل تعلیمی مظاہرہ میں 76 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، طلبہ نے اتنی اچھی تیاری کی تھی کہ نمبرات دینے میں حکم صاحبان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، اسی سبب پوزیشنوں میں ٹکراؤ بھی ہوا اور مساوی نمبرات حاصل کرکے کئی طلبہ پوزیشن کے مستحق قرار دیے گئے۔
تقریباً بارہ بجے سارے پروگرام پرسکون و خوش گوار ماحول میں ختم ہوگئے، قبیل اذان ظہر مہمان علمائے کرام اور طلبہ و طالبات نے ماحضر تناول کیا، تقریباً دو بجے اختتامی نششت برائے نتائج اعلان و تقسیم انعامات کے لیے منعقد ہوئی جس کی صدارت امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی اور نظامت مولانا سعود اختر سلفی نے نبھائی، شروع میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم نے قرات کیا اور شاعر خوش الحان محترم اختر نثار ریاضی حفظہ اللہ نے حمد باری تعالیٰ پیش کیا، اس کے بعد نعت نبی صلى اللہ عليہ وسلم میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ نے نہایت ہی مترنم لب و لہجہ میں نعت رسول گنگنایا، وقت کی تنگ دامانی کے باعث بعض مختصر تاثراتی کلمات ہی پر اکتفا کیا گیا۔
سب سے پہلے ضلعی جمعیت کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی نے اپنے افتتاحی و استقبالیہ کلمات میں تمام مشارکین، معاونین اور منتظمین کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے بحسن و خوبی پروگرام کے اختتام پر انتہائی مسرت و شادمانی کا اظہار کیا، تعلیمی مسابقات کے فوائد و ثمرات کا ذکرکرتے ہوئے بعض انتہائی اہم اور مفید مشورے و تجاویز پیش فرمائے نیز مدارس اور نسواں کالجوں میں سالانہ انجمن کے موقع پر پیش کیے جانے والے حیاسوز ایکشن اور ڈراموں کی شرعی قباحت کو بیان کیا اور پابندی عائد کرنے کی گزارش کی۔
تعلیمی مظاہروں کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قابل ذکر مدارس کے طلبہ کی عدم شرکت پر افسوس کا بھی اظہار کیا، حکم صاحبان کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا محمد نسیم مدنی نے اپنے تاثراتی کلمات میں کہا کہ "الحمدللہ! آج مجھے ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر یوپی کے فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ میں بطور حکم شرکت کی سعادت حاصل ہوئی، جمعیت کا یہ کارنامہ خوب تر رہا، جماعت کے ذمہ دارانِ مدارس کو چاہیے کہ ایسے تعلیمی مظاہروں و مسابقوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، مکاتب کے علاوہ بڑے اداروں کے طلبہ و طالبات کی شرکت کے لیے بھی ٹھوس اقدام اور لائحہ عمل مرتب کرنے کی شدید ضرورت ہے اور ایسے پروگراموں کے انعقاد پر ذمہ داران جمعیت کے ساتھ بھرپور تعاون فرمائیں۔ ضلعی جمعیت سدھارتھ نگر کے تمام ذمہ داران بطورِ خاص ناظم جمعیت مبارک باد کے مستحق ہیں، اللہ ان کی خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین!
تمام حلقوں کے نظماء کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا محمد ہاشم سلفی نے کہا کہ ضلعی جمعیت کے ذمہ داران خصوصاً اس کے امیر و ناظم قابل مبارک باد اور شکریہ کے مستحق ہیں جنھوں نے ضلعی سطح پر یہ فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ کا انعقاد کرایا اور شفافیت اور مثالی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ جمعیت کے کاز پر انگشت نمائی کرنے والوں کو مدلل اور مسکت جواب بھی دیا-
تمام حلقوں کے امراء کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا عبدالستار ریاضی حفظہ اللہ نے مکتب کے اساتذہ کرام کے مقام و مرتبہ کو بیان کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کی۔ اور پوزیشن یافتہ طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے غیر پوزیشن یافتہ طلبہ کی ہمت افزائی کی کہ آپ ہمت نہ ہاریں محنت جاری رکھیں۔ یاد رکھیں! مواقع گزر جاتے ہیں مگر مواقع کبھی ختم نہیں ہوتے۔
صدر مجلس اور جمعیت کے امیر مولانا محمد ابراہیم مدنی نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام حاضرین، مشارکین، معاونین و متعاونین کی تشریف آوری اور ہرممکن تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکاتب اسلامیہ دین کے مضبوط قلعے ہیں ان کے بقا و استحکام اور تحفظ کی کوشش کریں اور ہمارے اساتذہ کرام قوم و ملت کے معمار اور نونہالان ملت کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ اس کے بعد مولانا خالد رشید سراجی نے نتائج کا اعلان کیا اور ذمہ داران جمعیت، مہمان خصوصی اور دیگر معززین اساتذہ گرامی کے ہاتھوں تمام مشارکین طلبہ کے مابین انعامات تقسیم کیے گئے، جو کتابیں انعام میں دی گئیں وہ حسب ذیل ہیں :
1۔ حافظی قرآن کریم
2۔ تفسیر احسن البیان اردو
3۔ ریاض الصالحین دو جلدیں مکمل
4۔ مختصر فقہ اسلامی دو جلدیں مکمل
5۔ قرآنی انسائکلوپیڈیا ہندی
6۔ علمائے اہل حدیث بستی و گونڈہ
7۔ ہمارا عقیدہ
8۔ آخرت پر ایمان
9۔ ضیائے نبوی شرح اربعین نووی
10۔ مختصر فقہی احکام و مسائل
11۔ شیعیت اپنے آئینے میں
12۔ دعا فضائل و احکام
13۔ خلاصۂ سیرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم و امہات المومنین رنگین و دیدہ زیب کاغذ
14۔ عصر حاضر اور اسلامی حجاب
15۔ ضلع سدھارتھ نگر کے فارغین جامعہ سلفیہ بنارس کی تصنیفی خدمات
16۔ صفۃ صلاۃ النبی
17۔ حدیث کی تشریعی حیثیت
18۔ کتاب التوحيد اردو شرح
19۔ اصول الثلاثۃ
20۔ علامہ محمد رئیس ندوی رحمہ اللہ حیات و خدمات
21۔ قرآن کریم دستور حیات
22۔ سببی اخوات کے فقہی احکام
23۔ تحفۃ الواعظین
24۔ تحفۂ رمضان المبارک
25۔ قرآن کی شیتل چھایا ہندی
مزید تمام مشارکین طلبہ و طالبات کو دیدہ زیب اعزازی سند اور اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو پانچ سو روپے، دوم کو چار سو روپے، سوم کو تین سو روپے اور عام طلبہ کو سو روپیہ نقد بھی دیا گیا، تمام زمروں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی تفصیل حسب ذیل ہے :
قراتِ قرآن : میں اول پوزیشن، عبداللہ ضیاء اللہ دوم محمد التمش شریف الدین، سوم طوبی خانم عبدالصبور/ عزیز الرحمان نصیب الدین نے حاصل کیا۔
نعت خوانی : میں اول پوزیشن بشریٰ عبدالرزاق، دوم صائبہ خاتون منہاج الدین، سوم عطیہ بانو ابو سفیان نے حاصل کیا۔
اردو تقریر : میں اول پوزیشن روزمین بانو ابو الکلام، دوم عبدالرحمن مصروف علی/ احمد عزیز عزیز الرحمان ۔سوم رحمیٰ عرشی حیدر خان نے حاصل کیا۔
ہندی تقریر : میں اول پوزیشن مدیحہ عبدالمنان، دوم محمد جبريل رمضان علی، سوم اقراء خاتون اکبر علی نے حاصل کیا۔
دینیات پنجم : میں اول پوزیشن فہد صلاح الدین، دوم شادمہ بانو ذبیح اللہ/ رشدیٰ محمد مستقیم، سوم ماریہ خاتون کلیم اللہ نے حاصل کیا۔
دینیات چہارم : میں اول پوزیشن ریشماں خاتون یار محمد، دوم زینب عبدالمجیب، سوم شافعہ خاتون ابو الحسن نے حاصل کیا۔
دینیات سوم : میں اول پوزیشن نکہت انجم ضمیر اللہ، دوم صادقہ بانو صغير احمد، سوم جاسمین شجاعت حسین نے حاصل کیا۔
دعائیں پنجم : میں اول پوزیشن مصباح خاتون ابو الکلام، دوم بشریٰ عبدالباری، سوم عائشہ خاتون اطیع اللہ نے حاصل کیا۔
دعائیں چہارم : میں اول پوزیشن عبدالرب عبدالمعبود، دوم مسکان بانو جہانگیر عالم، سوم اسعد خان صلاح الدین نے حاصل کیا۔
دعائیں سوم : میں اول نکہت بانو شہزاد، دوم سعدان علیم الدین، سوم مہ جبین انجم علی نے حاصل کیا۔
مرکز آفاق لتحفيظ القرآن الكريم (مدرسہ جلال العلوم) مہدئیا کے ڈائریکٹر برادر مکرم رفیع احمد(لوی) کی جانب سے تعلیمی مظاہرہ میں شریک ہونے والے تمام طلبہ و طالبات، اساتذہ مدارس اور مہمانوں کے کھانے کا عمدہ انتظام تھا، اللہ انھیں دنیا و آخرت کی سعادتوں سے سرفراز کرے۔ آمین!
اس پروگرام کے انتظام و انصرام میں مقامی و ضلعی جمعیات کے اکثر ذمہ داروں نے بھرپور تعاون پیش کیا، ان میں مولانا محمد ابراہیم مدنی، مولانا عبد الرب سلفی، عبدالرحمن اثری، مولانا سعود اختر سلفی، برادرم رفیع احمد، ماسٹر جاوید احمد، مولانا شفیع اللہ مدنی، مولانا محمد ہاشم سلفی، مولانا جمشید عالم سلفی، مولانا خالد رشید سراجی، مولانا عبد الرشید سلفی، حافظ محبوب عالم سلفی، مولانا اعجاز احمد سنابلی، مولانا عتیق الرحمن سراجی، مولانا سرفراز احمد سراجی، مولانا امیر اللہ یوسفی، حافظ برکت اللہ رحیمی، مولانا اختر نثار ریاضی، مولانا حامد عبدالمنان سلفی اور محمد منان سلمہ وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔
جمعیت اور اس کے ذمہ داران بصمیم قلب شکرگزار ہیں جماعت کے معروف مصنف ومترجم اور سنجیدہ خطیب حافظ عبدالسميع مدنی وکیل الجامعہ، جامعہ اسلامیہ دریا آباد کا جو ہر سال ضلعی جمعیت ،سدھارتھ نگر کے فائنل تعلیمی مظاہرہ کے موقع پر بیش قیمت کتابیں عنایت کرتے ہیں اور مفید مشوروں سے نوازتے ہیں۔ اللہ انھیں جزائے خیر عطا فرمائے۔
اسی طرح مرکز تحفیظ القرآن (بدر اسکول) کے اساتذہ کرام و طلبہ نے بھی حصہ لیا اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنی قربانیاں پیش کیں۔ ضلعی جمعیت کے اس پروگرام میں حلقات کے امراء و نظماء اور اساتذہ کرام کے علاوہ بعض علمی و سیاسی، صحافی اور سماجی شخصیات نے شرکت کرکے بچوں کی خوب حوصلہ افزائی فرمائی۔ اللہ سب لوگوں کی شبانہ روز کاوشوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور جماعت و جمعیت کی مزید خدمت کی توفیق دے۔ آمین!

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter