کاٹھمانڈو/ کیئر خبر
نیپال میں ووٹر فہرست میں نام درج کرنے کی مدت پانچ دن بڑھا دی گئ ہے
انتخابی دباؤ میں مسلسل اضافے کے باعث نیپال کے الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرست میں نام درج کرانے کی مدت میں پانچ دن کی توسیع کر دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم سوشیلا کارکی کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا، جنہوں نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر رام پرساد بھنڈاری سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے رجسٹریشن کی مدت بڑھانے کی سفارش کی تھی۔
اس سے قبل نئی ووٹر رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 کاتک مقرر تھی، تاہم ملک بھر میں شہریوں کے بڑھتے ہوئے رش اور رجسٹریشن مراکز میں غیر معمولی بھیڑ کے باعث مدت میں اضافہ ناگزیر ہوگیا۔
الیکشن کمیشن نے حال ہی میں قومی شناختی کارڈ کے بایومیٹرک ڈیٹا کو براہ راست آن لائن ووٹر رجسٹریشن نظام سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سہولت کے بعد وہ وشہری جن کے شناختی کارڈ پہلے ہی تیار ہیں، انہیں ووٹر فہرست میں نام شامل کرانے کے لیے دوبارہ بایومیٹرک معلومات (انگھوٹھے کے نشانات اور تصویر) فراہم نہیں کرنا پڑے گا۔ اسی وجہ سے جمعرات کے روز آن لائن درخواستوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں مدت بڑھانا ضروری سمجھا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم کارکی نے انٹرنیٹ سرور میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابیوں پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے مطابق سرور کی خرابی دور کرنے کا کام جاری ہے، تاہم ان تکنیکی مسائل کے باعث شہری ضلعی الیکشن دفاتر میں طویل قطاروں میں کھڑے ہو کر شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
آپ کی راۓ