کٹھمنڈو : آل نیپال مسابقہ حفظ قرآن کریم بحسن وخوبی اختتام پذیر، نتائج کا اعلان آج متوقع

12 فروری, 2024
کاٹھمانڈو/ ڈاکٹر عبدالغنی القوفی
سعودی وزارت اسلامی افیئرس کی نگرانی اور مسلم آیوگ کے تعاون سے کاٹھمانڈو میں آل نیپال مسابقہ حفظ قرآن کریم 2024م بحسن وخوبی اختتام پذیر هوا،  اتوار كو پہلے (مکمل قرآن )، دوسرے (20 پارے) اور تیسرے (10 پارے) زمرے کا فائنل امتحان تھا، صبح آٹھ بجے سے پہلے زمرے یعنی مکمل قرآن کا امتحان شروع ہوا، پچھلے دن کی طرح تین تین جج اور ایک ایک سپر وائزر مقرر کئے گئے، متسابقین کو ( ا) اور (ب) دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا، تاکہ تیزی کے ساتھ کارروائی آگے بڑھائی جا سکے، پچاس مشارکین پر مشتمل اس زمرے کا امتحان تقریبا ساڑھے بارہ بجے تک چلا۔
اس کے بعد دوسرے یعنی بیس پارے اور تیسرے زمرے یعنی دس پارے کے امتحانات اسی ترتیب وتنسیق کے ساتھ شروع ہوئے، یہ امتحان شرکاء اور جج صاحبان دونوں کے لئے صبر آزما ثابت ہوا، چونکہ دونوں زمروں میں شرکاء کی تعداد پچاس پچاس تھی اور منتظمین نے ہال کی ٹائمنگ کو نظر میں رکھتے ہوئے بغیر کسی بڑے وقفے کے اسے لگاتار جاری رکھنے کا فیصلہ لیا تھا، تاکہ شام پانچ بجے تک اپنا ٹارگٹ پورا کر لیا جائے، پر پوری کوشش کے باوجود پروگرام ساڑھے چھ بجے جا کر ختم ہوا۔
اس طرح اب مسابقہ کے تمام زمروں کے مشارکین کے حاصل شدہ نمبرات اور پوزیشن آیوگ کے پاس ہیں، بہت ممکن ہے کہ 12 فروری کو مسلم آیوگ کی ویبسائٹ پر چاروں زمروں میں پوزیشن پانے والے خوش نصیبوں کے نام کا اعلان کر دیا جائے۔ مسابقہ میں شامل تمام مشارکین، ان کے گارجین اور دور دراز سے تشریف لانے والے سبھی مہمانوں کی محنتوں کو اللہ شرف قبولیت بخشے،  اس مسابقہ کو ملک وملت کے لئے مفید، بار آور اور نفع بخش بنائے۔ تمام اہل اسلام کو اس قرآن کریم کی عظمت اور تقدس کا ادراک کرنے اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے والا بنائے۔ اس مقدس کتاب کی محبت ہمارے دلوں میں پیدا کردے، اسے روز قیامت ہمارے حق میں شفاعت کرنے والا بنائے، اس کی برکت سے اللہ رب العالمین قوم مسلم پر آنے والی آزمائشوں کو ٹال دے، افق سے جھانکنے والے خطرات سے امت کو امن نصیب فرمائے۔ اس مسابقہ کے انعقاد میں جن جن جہات نے اپنا کردار ادا کیا ہے اللہ انہیں اس کا اجر جزیل عطا کرے،  خاص طور پر مملکت سعودی عرب جس نے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کو اپنے لئے باعث شرف سمجھتے ہوئے اسے اپنی پہچان بنا لیا ہے اللہ ان کی ہمہ جہت خدمات پر انہیں بہترین بدلہ عطا فرمائے، توحید پر قائم اس اسلامی مملکت کی ہر حاسد کے حسد اور ہر دشمن کے مکر سے حفاظت فرمائے،  انہیں مزید در مزید قرآن کریم اور سنت نبویہ کی نشر واشاعت کی توفیق ارزانی بخشے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter