ایشیا کپ کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے لیے17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے اور روہت شرما کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے۔
کے ایل راہول اور جسپریت بمرا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
ویرات کوہلی، شُبمن گِل، شریاس ایئر، سوریا کمار یادیو، تلک ورما، ایشان کشن، ہردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، اکشر پٹیل اور شردل ٹھاکر اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ محمد شامی، محمد سراج، کلدیپ یادیو اور پرسدھ کرشنا اسکواڈ میں شامل ہیں۔
ہمیں سب ٹیموں کیخلاف کھیلنے کے لیے تیار ی کرنی ہے، روہت شرما
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے چیف سلیکٹر اجیت اگر کار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ٹیمیں بھی اچھی کرکٹ کھیل رہی ہیں، ہمیں سب ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ی کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ورلڈکپ میں فیورٹ یا انڈر ڈاگ قرار دیے جانے پر نہیں سوچتا، ہم نے ہر سطح پر صرف بہترین کرکٹ کھیلنی ہے، ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہونے چاہئیں جو کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کر سکتے ہوں۔
روہت شرما کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو پیغام دیا ہے کہ جہاں ضرورت ہو گی اس پوزیشن پر بیٹنگ کرنا پڑے گی، چاہل اور ایشون سمیت تمام کھلاڑیوں کے لیے آپشن اور دروازے کھلے ہیں۔
چیف سلیکٹر اجیت اگرکار نے کہا ہے کہ کے ایل راہول مکمل فٹ نہیں ہیں، اسی لیے سنجو سیمسن کو بیک اپ کے طور پر رکھا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امید یہی ہے کہ کے ایل راہول ایشیا کپ سے پہلے مکمل فٹ ہوجائیں گے
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 2 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
آپ کی راۓ