مکہ مکرمہ (ڈاکٹر عبد الغنی القوفی)
ربط باہم تکمیل باہم کے عنوان سے خادم حرمين شريفين شاہ سلمان بن عبد العزیز حفظہ اللہ اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان حفظہ اللہ کی سر پرستی اور وزارت اسلامی امور کی براہ راست نگرانی میں مکہ مکرمہ میں کل سے لگاتار جاری کانفرنس آج اللہ کے فضل وکرم سے پوری کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی، کانفرنس کے سارے محاور پر قیمتی مقالات پیش کئے گئے، ہر نشست میں سامعین میں سے بھی بعض کو دو دو منٹ میں اپنی بات رکھنے کا موقعہ دیا گیا۔ محترم وزیر برائے اسلامی امور اور دعوت وإرشاد شیخ ڈاکٹر عبد اللطيف بن عبد العزیز بن عبد الرحمن آل الشیخ بنفس نفیس شروع سے اس کانفرنس کو زینت بخشتے رہے اور بذات خود براہ راست اپنی نگرانی میں سارے انتظامات کا جائزہ لیتے رہے، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وزارت کا پورا عملہ بطور خاص تندہی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیتا رہا۔ جزاه الله خيرا.
کانفرنس کو کامیاب بنانے میں وزارت مذہبی امور کے ساتھ ساتھ سارے پچاسی ممالک میں واقع سعودی سفارت خانے اور مذہبی وکلچرل اتاشی کا بھی بھرپور رول رہا، ویزے ایشو کرنے سے لے کر ان کے سفر تک ہر مرحلے میں ان کی پیہم کاوشوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، سفر کے دوران اور مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد بھی مہمانوں کے لئے اعلی وعمدہ انتظامات کا مشاہدہ ہوا، اور ان سب کا راست کریڈٹ وزارت مذہبی امور کے اعلی ذمہ دار جناب ڈاکٹر عبد اللطيف کو جاتا ہے۔ اللہ ان کی خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین۔
کانفرنس کے پہلو بہ پہلو میڈیا والے بھی اپنی اپنی اولویات کے اعتبار سے کانفرنس کی کوریج کے ساتھ ساتھ اہم شخصیات سے انٹرویو کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے تھے، سعودی نیوز ایجنسی، ٹیلیویژن اور جدہ ریڈیو کے ساتھ ساتھ الگ الگ چینلز والے بھی اپنا کام کرتے نظر آ رہے تھے، جدہ ریڈیو نے مجھ سے بھی طویل انٹرویو لیا، بعض دیگر چینلز نے بھی سوالات کئے، زیادہ تر سوالات کانفرنس کے موضوع سے متعلق تھے، بعض سوالات شرکت کرنے والوں کے اپنے اپنے ملک اور وہاں مسلمانوں کے احوال سے متعلق تھے، عام طور پر اندازہ ہوا کہ حالیہ پیش آمدہ بعض تکلیف دہ واقعات پر بھی میڈیا شرکاء کانفرنس کی رائے جاننے کے لئے کچھ زیادہ بے تاب ہے۔ لہذا ہم نے بھی سارے موضوعات پر کھل کر اپنا موقف رکھا۔۔۔
اللہ اس کانفرنس کو پوری امت مسلمہ کے لئے مبارک بنائے اور اسے اپنے نیک مقاصد میں کامیاب کرے۔ اسے منعقد کرنے والے مملکت سعودی عرب کی حفاظت فرمائے، انہیں مزید اپنی توفیق سے نوازے اور امت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد پیدا فرمائے۔ آمین۔
آپ کی راۓ