ایورسٹ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تین روزہ حج عمرہ تربیتی کورس بحسن و خوبی اختتام پذیر

6 جون, 2023

کٹھمنڈو / کئیر خبر
ایورسٹ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے تین روزہ حج عمرہ تعلیمی و تربیتی کورس بتزک و احتشام اختتام پذیر ہوا۔
ایورسٹ سوشل فاؤنڈیشن ، راجدھانی میں واقع ایک معروف ادارہ ہے ، جسے فضیلۃ الشیخ حافظ منظور احمد مدنی اور ان کے مساعد خاص جناب ڈاکٹر محمد اورنگزیب تیمی ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہلحدیث نیپال، نے سماجی ، ملی ، قومی اور انسانی بنیادوں پر قائم کیا ہے ، جو ہر طرح کی ملی ، سماجی ، قومی اور انسانی خدمات کے علاوہ دعوت دین ، یومیہ دروس ، خطبہ جمعہ کے علاوہ انسانی فلاح و بہبود کے مختلف کاموں اور تقاضوں کو محیط اور شاملِ ہے ، ادارہ ہذا اور ان کے مخلص ذمہ داران تقریباً دو سالوں سے اپنی زمہ داریاں ادا کرتے آرہے ہیں ، اس کے انہی نشاطات اور متنوع سرگرمیوں میں سے ، ملک گیر سطح پر حج عمرہ تعلیمی و تربیتی کورس کا انعقاد بھی شامل ہے ۔
الحمدللہ سال گزشتہ کی طرح اس سال بھی ایورسٹ سوشل فاؤنڈیشن کے تحت عازمین حج عمرہ کیلئے تین روزہ تعلیمی و تربیتی کورس ( بروز جمعہ ، سنیچر اور اتوار) کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں مختلف اضلاع مثلآ سرہا، سپتری، مہوتری، سرلاہی، دھنوشا، سنسری، مورنگ، جھاپا سمیت کاٹھمنڈو، للت پور، بھگت پور، سے عازمین حج اس اہم اور دینی پروگرام میں شریک تھے۔اس دینی مجلس کی صدارت کا فریضہ ایورسٹ سوشل فاؤنڈیشن کے موسس و رئیس حافظ منظور احمد مدنی حفظہ اللہ انجام دے رہے تھے۔ جبکہ نظامت کی ذمہ داری ڈاکٹر محمد اورنگزیب تیمی ( ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہلحدیث نیپال) کے دوش ناتواں پر سونپی گئی تھی ، فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبد المبین ثاقب ہارونی ، فضیلۃ الشیخ عبد الصبور ندوی ، مترجم سعودی ایمبیسی ، کاٹھمنڈو ،نیپال ، فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر شمیم ریاضی کے علاوہ ملک کے سرکردہ سیاسی رہنما اور عظیم سماجی اور ملی شخصیات رونق اسٹیج بنے رہے ۔
بعض علماء و دعاۃ کے اجمالی بیان کے بعد صدر مجلس حافظ منظور احمد مدنی حفظہ اللہ نے قرآن اور صحیح احادیث کی روشنی میں سامعین و حاضرین کے رو برو حج عمرہ کی اہمیت و فضیلت پر سیر حاصل گفتگو کی ، اور حج کی فضیلت اور نصاب حج سے متعلق متعدد حدیثیں بطور مثال پیش کی ، آپ نے حج کی اقسام کو تفصیل سے بتاتے ہوئے حج تمتع کی تلقین اور نصیحت کی ، حج سے متعلق آپ نے بتایا کہ حج سے فقرو فاقہ دور ہوتا ہے، غریبی کا خاتمہ ہوتا ہے، اس لیے انسان کو اس میں دیر نہیں کرنا چاہیے، آپ نے حج عمرہ سے متعلق Practical یعنی عملی تطبیق سے سامعین کو روشناس کرایا، مناسک حج سے متعلق ایک ایک گوشے کو کہیں دلیل سے تو کہیں مثالوں سے سمجھا نے کی کوشش کی، یوم الترویہ، یوم عرفہ، وقوف مزدلفہ، منی کی طرف روانگی، قربانی اور ان سے جڑی تمام باتوں کا چشم کشا احاطہ کیا، اخیر آپ نے عازمین حج کے رو برو ہوتے ہوئے اہم نصیحتیں کی، جن میں حج کی صعوبتیں، لوگوں سے حسن معاشرت و معاملات، شعائر اللہ کی تعظیم، حکومت مملکہ کے گائڈ لائن کی مکمل پابندی، صبرو تحمل، رواداری، حرص و طمع سے پرہیز، اپنے نیک مقاصد کے حصول کے لیے جدو جہد جیسے اہم نکات شامل تھے۔
اس سلسلے کی ایک کڑی فضیلۃ الشیخ جناب عبد الصبور ندوی، مترجم سعودی ایمبیسی کاٹھمنڈو نیپال تھے، انہوں نے سامعین کو حج کی فضیلت سے متعلق ایک جامع حدیث کی مضبوط تشریح کی ، اپنی مفید اور قیمتی باتوں سے مستفیض فرمایا ، اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ، مبارک باد پیش کی، ساتھ ہی دعاءوں کی درخواست کی ۔
اخیر میں ناظم جلسہ ، اور ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہلحدیث نیپال ڈاکٹر محمد اورنگزیب تیمی نے تمام سامعین و حاضرین کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا ، خیر سگالی کا پیغام سنایا ، نیک خواہشات کا اظہار کیا ، اپنے لیے اور ایورسٹ سوشل فاؤنڈیشن کے لیے اور تمام ذمہ داروں کے لیے دعاءوں کی درخواست کی ، تمام عازمین حج کو ، ایک مضبوط ، خوبصورت اور قیمتی Hand Bag ، احرام کے کپڑے اور خوشبوؤں سے نوازا گیا ، ساتھ ہی ان تمام عازمین حج کے لیے ایورسٹ سوشل فاؤنڈیشن کے کمپاونڈ ہی میں پانچ تجربہ کار ، ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک طبی Camp انسٹال کیا گیا تھا ، جو ان تمام عازمین حج کے لیے طبی امداد و سہولیات فراہم کررہے تھے ، پروگرام میں شریک تمام حضرات و خواتین کو شوگر ، بلڈ پریشر ، اور دیگر ضروری چیک آپ کے ذریعے اطمینان دلایا گیا ، اور صحت سے متعلق ادنی شک کی بنیاد پر Precautionary measures کی ہدایات جاری کی گئی ، ان تمام عازمین میں سے تقریباً 17 شوگر پازیٹیو پائے گئے جنہیں اس سے پہلے کوئی علم نہیں تھا ، ان کے لیے دوا کی فوری تشخیص کی گئی اور احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ۔
اخیر میں صدر مجلس حافظ منظور احمد مدنی حفظہ اللہ نے اپنے دعائیہ کلمات کے ذریعے مجلس کے اختتام کا اعلان کیا ، تمام سامعین سے کھانا تناول فرمانے کی درخواست کی ، پھر دعاء و سلام کے ساتھ عازمین حج کو رخصت کیا گیا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter