سعودى وزارت حج کی بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو ہدایات
27 مئی, 2023
جده/ واس
سعودى وزارت حج وعمرہ نے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کوہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکل صورتحال میں وزارت کی جانب سے مقررکردہ ’سہولت مراکز‘ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اخبار24 کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے مملکت آنے والے عازمین حج کے لیے متعدد ہدایات جاری کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ پرسامان اکھٹا کرتے وقت کنویئر بیلٹ سے گزرنے والے کسی دوسرے کے سامان کو نہ چھیڑا جائے
کنویئربیلٹ سے سامان اٹھانے کے لیے پورٹر کی خدمات حاصل کریں۔ بھاری سامان کے لیے ایئرپورٹ پر ٹرالیاں موجود ہوتی ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
وزارت حج وعمرہ کا مزید کہنا تھا کہ عازمین حج کی دیکھ بھال کے لیے ’عنایہ مراکز‘ قائم کیے گئے ہیں جو24 گھنٹے کھلے رہتے ہیں۔
مراکز میں 11 زبانیں بولنے والے افراد کو عازمین کی خدمت کےلیے تعینات کیا گیا ہے۔ کسی بھی مشکل صورتحال میں مذکورہ مراکز سے رابطہ کیاجاسکتا ہے۔
واضح رہے وزارت حج کی جانب سے دیکھ بھال مراکز جدہ کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے، مکہ مکرمہ میں المسفلہ اورالحجون کے علاقے جبکہ مدینہ منورہ میں شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے علاوہ جنت البقیع کے پاس قائم کیے گئے ہیں۔
مذکورہ مراکز میں ساتھیوں یا سامان کی گمشدگی کے علاوہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں عازمین بلا کسی روک ٹوک کے اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔
دریں اثنا وزارت حج کا مزید کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے عازمین جب حرم شریف کی میقیات سے گزریں جس کا اعلان جہاز میں کردیا جاتا ہے اس وقت ’تلبیہ‘ کہنا شروع کردیں۔
آپ کی راۓ