خدمت اسلام كا عظیم شاہکار شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس مدینہ منورہ

از:عبدالحکیم عبدالمعبود المدنی

11 اکتوبر, 2022
اہل اسلام اور اہل ایمان کے لئے سب سے بڑی سعادتمندی اور خوشبختی اگر کچھ ہو سکتی ہے تو وہ ہے  قرآن کریم  کی خدمت اسکی نشر واشاعت ،حفاظت وصیانت ،تعلیم وتحفیظ اور اسکی تفسیر وتشریح اور اگر اس نیک عمل کو کوئی ملک یا حکمراں انجام دے تو زھے نصیب اسکا کہ  ایں سعادت بزور بازو نیست ۔۔تا‌نہ بخشد خدائے بخشندہ
آج کی موجودہ ماڈرن اور جدید دنیا پر اگر نگاہ دوڑایا جائے تو مختلف ملکوں اور براعظموں میں اللہ نے قرآن کی حفاظت وصیانت کے لیے ان گنت افراد،علماء ،اسکالرز ،پروفیسران،مفسرین،مترجمین‌،طابعین وناشرین اور مختلف رسمی وغیر رسمی جھات واداروں کو مسخر کر رکھا ہے مگر ان تمام کے درمیان جدید ٹکنالوجی اور اعلی وارفع علمی ،سائنیسی وتکنیکی صلاحیتوں سے لیس  ایک ادارہ ،ایک پرنٹنگ مرکز  مدینہ الرسول ﷺ  میں واقع ہے جو اپنی مثال آپ ہے اور پوری دنیا کا سب سے بڑا پریس اور قرآن کی طباعت واشاعت کا سب سےبڑا مرکز ہے اور وہ ہے مجمع الملک فہد لطباعہ المصحف الشریف یعنی  شاہ فہد  قرآن مجیدپرنٹگ کمپلیلس مدینہ منورہ جسے سعودی عرب کے قابل فخر حکمراں شاه فہدبن عبد العزيز –رحمہ الله- نے عالم اسلام كى ضرورت كو محسوس كرتے ہوئے 16/محرم 1403ھ /1982ءميں قائم کرنے کے لئے  سنگ بنياد ركهاتھا  اور تیار ہونے کے بعد 6/ صفر 1405ھ (1984ء) كو اسکا  افتتاح كياتھا۔شاہ فہد رحمہ اللہ نے سنگ بنیادکے موقع پرکھا تھا کہ ’’ہمیں امید ہے کہ یہ پروجیکٹ رحمت اور نیکیوں کا ایک ذریعہ بن جائے گا۔ سب سے اول بات تو یہ ہے کہ قرآن کریم کے تعلق سے خدمات انجام دینے کا شرف حاصل ہو جائے گا۔ دوسری بات یہ ہے کہ اس کے توسط سے پوری دنیا میں دین کی خدمت کا بھی موقع مل جائے گا۔اور اللہ تعالیٰ کی ذات پاک سے امید کرتے ہیں کہ وہ ان تمام کاوشوں میں نہ صرف ہماری مدد اور رہنمائی کرے گا بلکہ اس دنیا میں اور آخرت میں اس کا اجر عظیم بھی دے گا۔ ہمیں یہ بھی امید ہے کہ اس کام سے دنیا کے تمام مسلمان مستفید ہوں گے اور قرآن کریم کے ایک ایک لفظ پر غور وفکرکرکے اپنی زندگی میں اس پر عمل کریں گے  ".
یہ کمپلیکس  ڈھائی لاکھ مربع میٹر اراضی پر پھیلا ہوا ہے جس میں مسجد، تنظیمی دفاتر، پریس، لائبریری، گودام، بک سٹال، کلینک اور پارکنگ وغیرہ سب شامل ہیں، گویا وہ اپنے آپ میں مکمل ایک ثقافتی  بستی ہے۔ وزارت برائے اسلامی امور کی نگرانی میں وہاں گیارہ سو سے زائد عملہ کام کرتا ہے جن میں علما اور پروفیسران بھی ہیں اور تکنیکی وانتظامی عملہ بھی۔
اسلامی طرز تعمیر کے ڈیزائن والے اس کمپلیکس کو دسمبر 1995ء میں بھی ایک باوقار ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ساتھ ہی اس کمپلیکس‘کواسکی عظیم خدمات کی وجہ 6 سےزائدمرتبہ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے ۔ ایک مرتبہ ’’دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن اسلامک پرسنالٹی‘‘ کے ذریعے مقدس کتاب کی اشاعت میں نمایاں کارکردگی انجام دینے کے اعتراف میں اسے ایک ملین درہم کا انعام عطا کیا گیا تھا۔
اس کمپلیکس نے تین سو اکسٹھ (361) قسم کی متنوع مطبوعات ومنشورات شائع کی ہیں اور افتتاح سے لے کر اب تک سینتیس سال میں تقریبا بتیس کروڑ مطبوعات ومنشورات تقسیم کرچکاہے، 74زبانوں جن میں (39) ایشیائی زبانیں، (16) یورپین زبانیں اور (19) افریقی زبانیں ہیں قرآن کریم کے تراجم شائع کرنے کا اسے شرف عظیم حاصل ہے اور فی الحال ایک سال میں ایک کروڑ اسّی لاکھ سے زیادہ مختلف مطبوعات ومنشورات شائع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس مناسبت سے یہ پوری دنیا میں قرآن کریم کی نشر واشاعت کا سب سے بڑا مرکز اور سنٹرہی نھیں بلکہ ایک خوبصورت قابل دید  قرآنی دنیا ہے ۔آئیے اسکی کچھ خدمات اور مساعی جمیلہ وکارھائے نمایاں کو بین الاقوامی معلوماتی سائٹ ویکیپیڈیاکے تناظر میں پڑھتے ہیں ۔ جھاں ہمیں اسکے عظیم اہداف ومقاصد اور کارہایے نمایاں کاایسا  ذکر جمیل ملتاہے کہ مدینہ منورہ جاکر اسکی زیارت کے لیے دل مچل اٹھے ۔ویکیپیڈیا میں اسکے اہداف کے بارے میں یوں درج ہے ۔
اہداف ومقاصد:
1-  عالم اسلام ميں رائج متواتر قراءتوں ميں مصحف (قرآن) كى اشاعت.
2-  عالم اسلام ميں رائج متواتر قراءتوں ميں قرآن كريم  كى ريكارڈنگ.
3-  دنيا كى زنده زبانوں ميں قرآن كريم كے تراجم اور تفاسير كى اشاعت.
4-  علوم قرآن كا اہتمام اور اس فن كے عمده  قلمى نسخے (Manuscripts) كى تحقيق.
5-  قرآن اور علوم قرآن سے متعلق ريسرچ كا اہتمام.
6-  كمپليكس كى مطبوعات  ومنشورات كے ذريعہ مسلمانان عالم كى ضرورتوں كى تكميل.
7- كمپليكس كى مطبوعات ومنشورات كو انٹرنيٹ اور مختلف ايپس كے ذريعہ فروغ دينا.
آج اگر ہم‌اسکا‌جائزہ لیں تو یہ مرکز ان اہداف میں بالکل کامیاب بلکہ اور آگے بڑھا ہوا نظر آئے  گا فللہ الحمدوالمنہ ۔
اور اسکے کارہایے نمایاں کو ملاحظہ کریں جو کہ ویکیپیڈیا میں کچھ یوں درج ہے تو دل سے دعا نکلتی ہے :
کارہائے نمایاں :شاہ فہد کمپلیکس اعلی علمی و تکنیکی صلاحیت اور جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ نہایت عمدگی اور پختگی کے ساتھ کارہائے نمایاں انجام دے رہاہے، ذیل کی سطروں میں انہیں اختصار کے ساتھ سپردِ قرطاس کیا جاتا ہے.
1) کمپلیکس نے عالم اسلام میں رائج آٹھ روایتوں میں چودہ طرح کے مصاحف (قرآن کے نسخے) شائع کیا ہے: تین نسخے حفص کی روایت میں، دو وَرش کی روایت میں،دو قالون کی روایت میں، تین دوری کی روایت میں، ایک شعبہ کی روایت میں،  ایک سوسی کی روایت میں، ایک بزی کی روایت میں اور ایک قنبل کی روایت میں. (یہ آٹھوں نام دوسری اور تیسری صدی ہجری کے مشہور قراء کے ہیں).
کتابت اور طباعت پر شیخ علی بن عبد الرحمن الحذیفی کی زیرِصدارت چار رکنی علمی کمیٹی نگرانی کرتی ہے۔ ہر ممبر مصحف کے قلمی نسخے کا تنہا مراجعہ (نظر ثانی) کرتے ہیں اور اپنے ملاحظات تحریر کرتے ہیں، پھر ان ملاحظات پر میٹنگ میں تبادلہ خیال ہوتا ہے۔ اور کمیٹی کے فیصلے کے بعد تصحیح کا کام ہوتا ہے، پھر تصحیح شدہ نسخہ علمی کمیٹی کے پاس دوبارہ مراجعہ کے لیے جاتا ہے، یہاں تک کہ کمیٹی کو اطمینان ہوجائے. پھر کمیٹی طباعت کی تیاری کی اجازت دیتی ہے۔ اور تیاری کے اس  مرحلے میں بھی نہایت دقت کے ساتھ کمیٹی نگرانی کرتی ہے یہاں تک  اسے اطمینان ہو جائے۔
2) کمپلیکس نے  دس طرح کے آڈیو ٹیپس نشر کیا ہے: چھ حفص کی روایت میں (شیخ علی الحذیفی، شیخ ابراہیم بن الأخضر القیم، شیخ محمد أیوب محمد یوسف،  شیخ عبد اللہ بن علی بصفر، شیخ عماد زہیر حافظ اور شیخ خالد بن سلیمان المہنا کی آواز میں) اور ساتواں:قالون کی قراء ت میں شیخ علی الحذیفی کی آواز میں، آٹھواں: ورش کی قراء ت میں شیخ ابراہیم بن سعید الدوسری کی آواز میں، نواں: شعبہ کی قراء ت میں شیخ علی الحذیفی کی آواز میں، دسواں: سکھانے والا آڈیو مصحف (آخری پانچ پارے) حفص کی  قراء ت میں شیخ علی حذیفی اور ابراہیم بن الأخضر کی آواز میں۔
یہ آڈیو ٹیپس مذکورہ بالا علمی کمیٹی کی نگرانی میں ہی تیار کیے جاتے ہیں۔ یہ آڈیو ٹیسپس درج ذیل لنک پر دستیاب ہیں:
3) کمپلیکس نے حفاظ کے لیے حفص کی قراء ت میں بیس سے زائد تجوید کا دورہ کرایا، جن سے تقریبا  پانچ سو حفاظ فارغ ہوچکے ہیں۔یہ دورے مسجد نبوی میں منعقدکئے جاتے ہیں،  ایک دورہ تقریبا سات مہینے کا ہوتا ہے اور ایک کے مکمل ہوتے ہی دوسرے کا آغاز کر دیا جاتا ہے۔
4) کمپلیکس میں تراجم کے لیے ایک مستقل مرکز قائم کیا گیا ہے،  جس کا مقصد ہے: عالم اسلام کی ضرورتوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے دنیا کی مختلف زبانوں میں قرآن کریم، تفاسیر اور علوم قرآن کے تراجم تیار کرنا، کمپلیکس کو عالم اسلام سے موصول ہونے والے تراجم کا تجزیہ کرنا، ترجمے میں در پیش مسائل کا حل تلاشنا اور اس میدان میں بحث وتحقیق کا کام کرنا. وغیرہ وغیرہ.
5) کمپلیکس نے ترجمہ سینٹر کی زیر نگرانی دنیا کی چوہتّر (74)  زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم  شائع کیے ہیں: (39) ایشیائی زبانیں، (16) یورپین زبانیں اور (19) افریقی زبانیں۔
6) کمپلیکس نے قرآنیات ریسرچ سینٹر قائم کیا ہے،  جس کا مقصد ہے: ایسے تفاسیر کی اشاعت جن کا ترجمہ مختلف زبانوں میں ممکن اور خاص وعام کے لیے مفید ہو، قرآنیات پر بحث وتحقیق کو فروغ دینا،  متنوع  علمی کتابیں، ڈکشنری، انسائیکلوپیڈیا، ڈیٹا اور فہرست وغیرہ تیار کرنا، قدیم عمدہ کتابوں کی تحقیق  کرنا اور قرآن اور علوم قرآن کے متعلق اعتراضات و شبہات کا  ٹھوس اور مدلل جواب دینا، وغیرہ، وغیرہ.
7) کمپلیکس نے قرآنیات ریسرچ سینٹر کی زیر نگرانی قرآنی علوم ومباحث پر (31) سے زائد کتابیں شائع کی ہیں، جیسے: التفسیر المیسر،  المیسر فی غریب القرآن الکریم،  الاتقان فی علوم القرآن (تالیف: سیوطی)، تقریب النشر فی القراء ات العشر (تالیف: جزری)،  فہرس مخطوطات التفسیر وعلوم القرآن فی مکتبات المدینۃ المنورۃ، وغیرہ وغیرہ.
8)کمپلیکس نے ریسرچ سینٹر کی زیر نگرانی قرآنیات کے مختلف موضوعات  پر سات سیمینار اور کنوینشن کا انعقاد کیا اور چار سمینار میں پیش کیے جانے والے مقالات اور ریسرچ پیپرس کو (29) جلدوں میں شائع کیا۔
9) کمپلیکس قرآنیات سے متعلق ششماہی ریفریڈ جرنل ”مجلۃ البحوث والدراسات القرآنیۃ  ” (Journal of Quranic Research and Studies) کے نام سے محرم 1427ھ(فروری 2006ء)سے شائع کر رہا ہے اور اب تک بیس سے زائد شمارے شائع  ہو چکے ہیں۔ جرنل  کی خصوصی ویب سائٹ درج ذیل لنک پر ہے: https://jqrs.qurancomplex.gov.sa/
10)کمپلیکس نے 1428ھ میں ڈیجیٹل ریسرچ سینٹرقائم کیا تا کہ قرآنی نصوص، مصطلحات، تفاسیر اور تراجم  کو یکساں اور اعلی معیار کے مطابق ڈیجٹلائز کیا جائے، قرآنی نصوص کے ڈیجیٹل پروگرامس اور ایپس کا جائزہ لے کر ان کا متبادل (Altenate) پیش کیا جائے۔ اور الکٹرانک میڈیا میں قرآن کریم کے نصوص (text) اور تلاوتوں کے لیے ڈیجیٹل تصدیق نامے (Verification Certificate) جاری کیے جائیں.
کمپلیکس  کی ویب سائٹس:کمپلیکس  نے عصر حاضر کی ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے  قرآن، علوم قرآن، تراجم، تفاسیر، کمپیوٹر سروسز برائے قرآن، کمپلیکس کی دوسری مطبوعات  اور دیگر متنوع خدمات کے لیے،  نیز  زائرین کو کمپلیکس کی خدمات سے متعارف کرانے کے لیے سولہ (16) ویب سائٹس لانچ کیا ہے، جن میں سے بعض کا ذکر پہلے ہوچکاہے۔
کمپلیکس کے پروڈکٹس کی اعلی کوالیٹی:شاہ فہد کمپلیکس نہایت اعلی کوالیٹی کا پروڈکٹس تیار کرتا ہے،  غایت درجہ کی اعلی انسانی صلاحیتیں، اڈوانس نئی ٹکنالوجی اور نہایت ہی معیاری  مٹیریل کا استعمال کرتا ہے اور  کوالیٹی مینجمنٹ کا پختہ نظام اسے چار چاند لگادیتا ہے،  ہر کام مرحلہ وار اورمنظم نگرانی  کے ساتھ انجام پاتا ہے، ہر نگراں کے پاس ایک  خاص مہر ہوتی ہے تاکہ اپنے زیر نگرانی انجام پانے والے عمل پر اپنی مہر ثبت کر دے،  مبادا اگر کسی عمل میں کوئی غلطی ہوتی ہے تو  اس مہر کے ذریعے اس نگراں کی پہچان کی جاتی ہے جس کی نگرانی میں وہ عمل انجام پایا ہے اور جزائی نظام (جرمانہ) اس پر نافذ کیا جاتا ہے۔ اور غلطی پکڑنے والے کی نوازش اور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
مطبوعات ومنشورات کی تقسیم: شاہ فہدکمپلیکس نے اپنی مطبوعات ومنشورات کو 1405ھ سے  پوری دنیا میں تقسیم  کرنا شروع کیا ہے،  تقسیم کی جانے والی مطبوعات ومنشورات کی مجموعی تعداد تقریبا  بتیس کروڑ ہے۔ صرف  حجاج کرام کے ما بین عموما ہر سال تقریبا  اٹھارہ لاکھ نسخے تقسیم کیے جاتے ہیں جس کی مجموعی تعدادتقریبا چار کروڑ اسّی لاکھ پہنچ چکی ہے۔ اور کمپلیکس کی وزٹ کرنے والے ہر شخص کو بھی ہدیہ دیا جاتا ہے اور سال میں دنیا کے مختلف ممالک کے چار لاکھ سے زیادہ لوگ کمپلیکس کی وزٹ کر تے ہیں.
 ۔(مزید تفصیل کے لئے مجمع الملک فہد لطباعہ المصحف الشریف کی آفیشیل ویب  سائٹ ضرور دیکھیں{http://qurancomplex.gov.sa/}
ان خوبصورت اھداف اور مساعی جمیلہ کو پڑھنے کے بعد ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ سعودی حکومت کی ان نمایاں خدمات پر اللہ کا شکر ادا کریں اور ایسے اداروں اور ملکوں کا سپورٹ کریں تاکہ کلام الھی کا بول بالا ہوسکے اور ہم‌بھی کسی طرح اسکے ادنی اجر کے مستحق بن سکیں ۔وماتوفیقی الا باللہ

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter