اتر پردیش: بلرام پور میں سیلاب سے شدید تباہی؛ ٥٠٠ سے زائد گاؤں بن گئے جزیرے؛ بجلی گل؛ فصلیں تباہ؛ عوام پریشان

9 اکتوبر, 2022

بلرام پور / کئیر خبر
اتر پردیش کے بلرام پور ضلع کو سیلاب کی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ یہ پچھلے 7 سالوں کا سب سے بڑا سیلاب بتایا جا رہا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے نیپال کے پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں شدید سیلاب کا مسئلہ در پیش ہے۔ دریائے راپتی ​​اور اس کی معاون ندیاں مسلسل خطرے کے نشان سے دو میٹر اوپر بہہ رہی ہیں۔ راپتی کے پانی کی سطح 2017 کے بعد سے بلند ترین سطح پر ہے۔
دیہی علاقوں کے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ گھروں؛ عبادتگاہوں اور دیگر مقامات پر پانی بھر گیا ہے۔ جس کی وجہ سے عوام کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ بلرام پور ضلع کے بلرام پور صدر، ہرائیہ ستگھروا، تلسی پور، اترولہ، گیسڑی، سری دت گنج بلاکس؛ بلہا؛ شنکر نگر ؛ بجلی پور سیلاب کی سنگین پریشانی سے دوچار دکھائی دے رہے ہیں۔
اتراولہ، ہرائیہ، بلرام پور دیہات اور بلرام پور نگر تھانہ کے علاقوں میں خوفناک تباہی دیکھی جا رہی ہے۔ ابھی تک گاؤں میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کوئی مدد نہیں پہنچی ہے۔

جگہ جگہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو آپریشن اور دیگر قسم کی سہولیات فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر مہندر کمار کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ضلع کی تمام فلڈ پوسٹوں کو الرٹ پر رکھا ہوا ہے اور تقریباً 100 مقامات پر لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
پی اے سی، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں مسلسل مورچہ سنبھال رہی ہیں۔ اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی گاؤں کھیڑا میں بھی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ ابھی تک ضلع انتظامیہ کی طرف سے ہماری کوئی مدد نہیں کی گئی۔ ہم مسلسل مدد کے منتظر ہیں۔ گزشتہ چار دنوں سے پانی جمع ہونے اور شدید سیلاب کی وجہ سے ہم اپنی چھتوں پر رہنے پر مجبور ہیں۔

گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ کئی دیہاتوں میں لوگوں کے گھروں میں پچھلے چار پانچ دنوں سے کھانا بھی نہیں بنا پارہے ہیں ۔ راشن، سبزیوں وغیرہ کی بھی شدید قلت ہے۔ بچوں کو دودھ نہیں مہیا کرایا جا رہا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی بلرام پور ضلع کی تمام تحصیلوں اور دیگر ضلعی سڑکیں مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ گورا چوراہا تھانہ علاقہ کے قریب دترنگوا میں بلرام پور کے قومی شاہراہ 730 پر بجلی پور گاؤں کے قریب سڑک پر بھاری تباہی اور تیز بہاؤ دیکھا جا رہا ہے۔
موسم وبھاگ کے مطابق سوموار کو سیلاب میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے –

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter