بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک غم و غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ عرب ممالک میں بھارت کے بائیکاٹ کی مہم بھی چل پڑی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر، سعودی عرب اور کویت میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ مہم شروع ہوگئی۔
دوسری جانب بھارت میں بھی بی جے پی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
بھارتی شہروں میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے 1500 مسلمان شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، جبکہ 36 افراد کو گرفتار بھی کرلیا۔
کانپور میں احتجاج کی کال پر سخت سیکیورٹی اور بریلی میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر کانپور شہر سمیت دیگر بھارتی شہروں میں ہنگامے شروع ہوگئے ہیں۔
اسی طرح جمعہ کی نماز کے بعد کانپور میں دو گروہوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں، پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے مسلمان مظاہرین پر پتھراؤ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی تھی۔
بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پروگرام میں اسلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کے حوالے سے گستاخانہ گفتگو کی تھی۔
آپ کی راۓ