____ملک ہندوستان کے سیاسی، سماجی، معاشرتی اور مذھبی حالات ناگفتہ بہ دیکھ کر ہمیں ابھی تک یک گونہ اطمینان تھا کہ بھلے ہی عزت و آبرو خطرہ میں ہے لیکن لنگ تو سلامت ہے پر عزیزو اب یقینا پانی سر سے اونچا ہو چکا ہے! اب بھائی حالات واقعی بڑے نازک ہوگئے ہیں ! اب تک لوگوں کی جان و مال، نوکری و چھوکری اور ایمان و عقیدہ ہی خطرہ میں تھے اب تو سسرا لنگوا کے بھی گھیراؤ کی تیاری چل رہی ہے!!!!یا للاسف
ایسا لگ رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ایک طبقہ صاحبوں کے عتاب سے بچنے کے لیے چر چراتی کرسی پر بیٹھ کر مختون ہوا کرے گا! تاکہ نہ رہے بانس نہ بجے بانسری! اس امر کا بھی بھرپور امکان ہے کہ مستقبل میں بھولے بھالے عوام لنگ گنوا کر گردن بچائیں گے اور اس پر فخر کریں گے!
سو بھارتی پرشو! لوگوں کی نیتیں خراب ہورہی ہیں، اپنے اپنے لنگ سنبھال کر رکھیے! سنا ہے کہ لنگوں پر حقوق جتائے جارہے ہیں، خیال رکھیے گا کہ کہیں آپ اپنے قیمتی اثاثے سے محروم نہ کردیئے جائیں!اپنے اردگرد حصار مضبوط کرلیجیے! کمر کسیے یا مت کسیے مرضی ہے لیکن کمر بند ضرور کس لیجیے ورنہ ناحق لنگوا سے محروم ہوجائیں گے اور خواہ مخواہ کوئی شہ کا مصاحب حقِ پسندیدگی جتا بیٹھے گا!
آج ضرورت سب سے زیادہ اس بات کی ہے کہ لنگ کی حفاظت کے لیے عالمی پیمانے پر کانفرنسیں منعقد کی جائیں،اس کی اہمیت و افادیت اجاگر کرنے کے لیے سیمینارز منعقد کیے جائیں، اس کے حقوق کی پاسداری اور اس پر ہونے والے اتیاچار کے خلاف عالمی تحریک چھیڑی جائے، سلگتے ہوئے اس اہم موضوع پر کام کرنے کے لیے ناسا کی ٹیم بلائی جائے اور سب کو اجتماعی طور پر مل کر لنگ کے لیے آواز اٹھانے کی دعوت دی جائے یہی وقت کا تقاضہ ہے!
سر دست ہم ایک غیر معمولی اور کارگر تدبیر بتلائے دیتے ہیں کہ انسانوں کی طرح لنگوں کے بھی آدھار کارڈ بنائے جائیں اور ان پر نمبروں کی نقاشی کی جائے تاکہ اربوں کھربوں لنگ والی اس وسیع و عریض دنیا میں کسی کے سرمایہ کے ضائع ہونے کا اندیشہ یا چوری ہونے کا خدشہ نہ ہو!
وقت کے مؤرخ کو اگر پب جی کھیلنے سے فرصت مل جائے گی تو وہ یہ ضرور لکھے گا کہ تاریخ انسانی میں ایک حکومت ایسی بھی ہوئی ہے جس میں انسانوں جانوروں،کھیت کھلیانوں، زمین جائدادوں کے ساتھ شری لنگ بھی خطرہ میں پڑگئے تھے!
سر دست آخری بات بھی سن لیجیے کہ لنگوں کے سردار جناب قطب منار قبلہ کے بھی ستارے گردش میں ہیں! عنقریب اس کا بھی ختنہ ہوگا، اس کی بھی اونچائی فتح کی جائے گا اور باذوق ہستیاں اس پر براجمان ہونے کے لیے تن من دھن کی بازی لگائیں گی اور اس عالمی نادر لنگ سے محظوظ ہونے کے لیے ہر قسم کے منصوبے، تدبیریں، حیلیں اور سازشیں کریں گی! اس موقع پر شاید یہ کہنا بےجا نہ ہو کہ قطب منار کی ہیئت و ماہیت اور چال چلن دیکھ کر یہی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس لنگ کا لنک ضرور کسی مُلے سے جڑا ہوا ہے ورنہ یوں خوبصورتی اور کشش پیدا نہ ہوتی! میاں بھائیوں کی خوبصورتی، دلآویزی، قوت، کشش، کا بھلا اس سے بڑا کیا ثبوت ہوگا کہ ان سے تعلق رکھنے والے لنگ کی زیارت و ملاقات کے لیے دنیا کے کونے کونے سے لوگ بلا تفریق مذھب و ملت، رنگ و نسل کھنچے چلے آتے ہیں اور اس کا جوار پاکر خوشی سے پھولی نہیں سماتے!
لنگ سلامت صحبت باقی!
آپ کی راۓ