امریکی پادری نے اپنے مداحوں سے کہا کہ طیارہ خریدنے کے لیے چندہ دیں کیوں کہ پیغمبر عیسیٰ ‘گدھے پر سوار نہیں ہوں گے۔’

31 مئی, 2018

ایجنسیاں 31 مئی /2018

امریکہ میں ایک پادری نے اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ وہ انھیں ان کا چوتھا جیٹ جہاز خریدنے کے لیے چندہ دیں کیوں کہ پیغمبر عیسیٰ ‘گدھے پر سوار نہیں ہوں گے۔’

جیس ڈوپلانٹس نے بتایا کہ انھیں خدا نے کہا ہے کہ وہ پانچ کروڑ 40 لاکھ ڈالر مالیت کا فالکن سیون ایکس جہاز خریدیں۔

امریکی میں کسی پادری کا جہاز رکھنا غیرمعمولی نہیں ہے، لیکن اس چندے کی درخواست نے تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

ٹوئٹر پر صارفین نے کہا ہے کہ انھیں اس پر یقین نہیں آ رہا اور وہ بائبل کی آیات کا حوالہ دے رہے ہیں جن میں حرص اور ‘جعلی پیغمبروں’ سے خبردار کیا گیا ہے۔

کچھ لوگوں نے کہا ہے کہ یہ رقم غریبوں کی مدد کے لیے استعمال ہونی چاہیے۔

اپنی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو پیغام میں 68 سالہ ڈوپلانٹس یوں وضاحت کرتے ہیں: ‘آپ جانتے ہیں میرے پاس تین مختلف جیٹ جہاز رہے ہیں، میں نے انھیں استعمال کیا ہے اور انھیں یسوع مسیح کے لیے چلایا ہے۔

‘بعض لوگوں کا خیال ہے کہ پادریوں کے پاس طیارے نہیں ہونے چاہییں۔ میرا خیال ہے کہ پادریوں کے پاس ہر ممکن وسیلہ ہونا چاہیے، ہر ممکنہ ذریعہ، تاکہ انجیل کو دنیا بھر تک پہنچایا جا سکے۔’

انھوں نے کہا کہ جو جیٹ انھوں نے 12 سال قبل خریدا تھا وہ ان کے لیے اب موزوں نہیں رہا کیوں کہ وہ بلا رکے پرواز نہیں کر سکتا اور انھیں ایندھن کے لیے بھاری رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔

یک تصویر میں وہ اپنے تین جہازوں کے پاس کھڑے نظر آتے ہیں، اوپر لکھا ہے: ‘یہ ملکیت کے بارے میں نہیں ہے، یہ ترجیحات کے بارے میں ہے۔’

ڈوپلانٹس نے اپنی درخواست کی یہ کہہ کر توجیہ پیش کی ہے کہ عیسیٰ نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں جاؤ اور انجیل کا پیغام ہر ذی روح تک پہنچا دو۔ کیا ہم ایسا کریں گے؟ میری اتنی عمر نہیں بچی کہ میں کار یا بحری جہاز یا ٹرین کے ذریعے سفر کر سکوں، لیکن جہاز پر یہ سفر ممکن ہے۔’

2015 میں ڈوپلانٹس کی ایک ویڈیو آئی تھی جس میں وہ ایک اور پادری کینیتھ کوپ لینڈ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کوپ لینڈ کہہ رہے ہیں کہ مسافروں والے جہاز پر سفر کرنا ایسا ہی ہے جیسے ‘ایک لمبی ٹیوب میں شیطانوں کے ساتھ سفر کرنا۔’

بشکریہ بی بی سی اردو

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter