سعودی عرب میں 40 برس کے بعد آج بدھ کے روز ایک مرتبہ پھر سینما ہاؤس کی واپسی ہو رہی ہے۔

اس سلسلے میں سینما کا پہلا شو آج دارالحکومت ریاض میں ہو رہا ہے۔ گزشتہ برس مملکت کے کئی شہروں میں سنیما ہاؤس میں فلموں کی نمائش کھول دینے کی منظوری دی گئی تھی۔

گزشتہ صدی کے وسط میں سعودی عرب کے اندر سینما شو ایک عام بات تھی۔ اس دوران مملکت کے چار بڑے شہروں میں سینما ہاؤسز پھیل گئے تھے۔

سعودی عرب میں سینما ہاؤسز میں فلموں کی نمائش کا سلسلہ 80ء کی دہائی کے آغاز تک جاری رہا۔ اس کے بعد "شرعی خلاف ورزیوں” اور معاشرتی اقدار کے منافی ہونے کے سبب اُس کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔

دسمبر 2017ء میں ایک تاریخی فیصلے کے ذریعے سعودی عرب میں سرکاری طور پر سینما کی واپسی کا اعلان کیا گیا۔

تقریبا چار دہائیوں کے بعد سینما کی واپسی کے ساتھ امید ہے کہ فنّی اور ثقافتی احیاءِ نو دنیا کے سامنے سعودی عرب کی ایک نئی تصویر پیش کرے گا۔